795

اپنی مدد آپ کے تحت خیبر پختونخوا کا پہلا سپیچ تھراپی سنٹرقائم

سوات کے سیدوشریف تدریسی اسپتال میں اپنی مدد آپ کے تحت خیبر پختونخوا کا پہلا سپیچ تھراپی سنٹرقائم کردیا گیا ،اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر مقصود احمد اورپروفیسر ڈاکٹر گلشن حسین نے سنٹر کا افتتاح کیا ،سوات کی نوجوان سپیچ تھراپسٹ سعدیہ نے سنٹر کے لئے اپنی خدمات مفت پیش کردیں ،افتتاحی تقریب کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید اور ڈاکٹر نثار بھی موجودتھے ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ای این ٹی سپشلسٹ پروفیسر ڈاکٹر گلشن حسین نے کہاکہ سیدوشریف اسپتال کے ای این ٹی وارڈمیں گفتارخوانی (سپیچ تھراپی) سنٹر ڈاکٹروں اور سول سوسائٹی کی فلاحی تنظیم سروس ٹو ہومین کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت قائم کردیا گیا ہے جس میں پیدائشی طور پر سماعت سے محروم دو ماہ سے چار سال تک کے بچوں کو بولنا سکھایا جائے گا اسی طرح جولوگ حادثات یا بیماری کے دوران سماعت سے محروم یا ان کی سماعت متاثر ہوتی ہے تو ان کا بھی یہاں پر علاج کیا جائے گا ،انہوں نے کہاکہ ملاکنڈ ڈویژن میں اس وقت اڑہائی لاکھ کے قریب بچے قوت سماعت سے محروم ہیں اگر انہیں چار سال سے پہلے پہلے گفتارخوانی سکھائی جائے تو ان کی سماعت کا مسئلہ ختم ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ یہ سنٹر خیبر پختونخوا کا واحد سنٹر ہے جو حکومت کی بجائے اپنی مددآپ کے تحت قائم کردیا گیا ہے اور یہاں پر لوگوں کو مفت سہولیات دی جائیں گی اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر مقصود نے کہاکہ اس سنٹرکو ابتدائی طور پر عارضی عملہ فراہم کردیا گیاہے اور مستقبل میں سنٹر کو مستقل بنیادوں پر قائم کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں