67

علاقے کو بہتر بنانے کے لئے میرے ساتھ براہ راست رابطہ رکھیں انشاء اللہ میں ہر وقت حاضر ہوں

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے خصوصی ہدایات پر پورے صوبے کے دیگر علاقوں کی طرح تحصیل بریکوٹ میں بھی پولیس کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد عوام کا پولیس پر اعتماد کی بحالی،علاقے میں منشیات سمیت دیگر جرائم کا خاتمہ،ٹریفک مسائل اور علاقے میں پائیدار امن کا قیام تھا۔اس موقع پر ڈی پی او سوات زاہد نواز،ایس ڈی پی او سرکل بریکوٹ ساجد ممتاز،تھانہ غالیگے ایس ایچ او زاہد خان،تھانہ شموزئی ایس ایچ او شاہین شاہ،لنڈاکے چیک پوسٹ انچارج بختی رحمان خان کے علاوہ دیگر پولیس آفیسر ز،قومی جرگہ تحصیل بریکوٹ،ڈی آر سی کے ممبران و سیاسی و سماجی حلقوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری میں انجینئر شرافت علی،اقبال خان دولت خیل،سابق ناظم حید ر علی،دوا خان،عطاء اللہ جان،زمین خان،ارشد خان کے علاوہ دیگر نے علاقے کے مسائل پر بحث کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل بریکوٹ کے مختلف علاقوں میں آئس سمیت دیگر منشیات عروج پر ہے اور نئی نسل تباہی کی طرف گامزن ہے اور آئے روز منشیات کے عادیوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔علاقے میں انڈر پلئی (سود) کا کاروبار بھی ہو رہا ہے جس کی وجہ سے بہت سے خاندان تباہ ہوچکے ہیں۔ٹریفک مسائل پر انہوں نے کہاکہ سوات کو آنے والے سیاحوں کو ٹریفک پولیس کی طرف سے مختلف بہانوں سے تنگ کیا جاتاہے۔سکول کی گاڑیاں اوورلوڈنگ اور تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتی نظر آرہی ہیں جو کہ حادثے کا قوی امکان ہے۔موٹر سائیکلوں کے خلاف پولیس کی کاروائی انتہائی قابل تعریف ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھنا چاہیے کیونکہ موٹر سائیکلوں کے حادثوں میں اب تک درجنوں نوجوان زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علاقہ ڈیدہ ور میں فارسٹ چیک پوسٹ پر سوختنی لکڑی پر سووزکی،ڈائنا اور ٹرک سے مختلف رقم کا مطالبہ کیا جاتاہے جوکہ غیر قانونی ہے۔انہوں نے شموزئی پل جس کے قریب پولیس چیک پوسٹ بھی ہے یہ حدود تھانہ شموزئی کے ہیں نہ کہ تھانہ غالیگے کے۔انہوں نے کہاکہ شموزئی سول ہسپتال خزانہ میں ہے جبکہ تھانہ زرخیلہ شموزئی میں ہے۔حادثہ یا لڑائی جھگڑے کے دوران رپورٹ درج کرنے میں دشواری پیش آتی ہے وہاں پر پولیس کے تعیناتی کے احکامات جاری کیں جائیں تاکہ وہاں کے لوگ اس مشکل سے نجات پا سکیں۔بعد میں ڈی پی او سوات زاہد نواز نے کہاکہ عوامی تعاون پولیس کے لئے روح کی حیثیت رکھتی ہے اور انشاء اللہ ہمیں امید ہے کہ علاقے کو پاک صاف رکھنے میں علاقے کے لوگ بھر پور تعاون کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سوات میں کم سن موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے اور دو دنوں میں بریکوٹ میں 4سو جبکہ سوات میں 4ہزار کے قریب موٹرسائیکل سوار وں کے خلاف قانو ن کے مطابق کاروائیاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت مینگورہ شہر میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت آپریشن جاری ہے اور انشاء اللہ بہت جلد تحصیل بریکوٹ بھی منشیات سے پاک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ انڈر پلئی سے متاثرہ لوگ میرے ساتھ ملاقات کریں سودخوروں کو کسی بھی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ پولیس کے عدم تعاون اور علاقے کو بہتر بنانے کے لئے میرے ساتھ براہ راست رابطہ رکھیں انشاء اللہ میں ہر وقت حاضر ہوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں