256

وفاقی حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا

اسلام آباد: کرونا وبا کی تیسری لہر کے باعث وفاقی حکومت نے عید الفطر کے موقع پر زائد تعطیلات دے دی ہیں، جمعتہ الوداع، نماز عید کیلئے گائیڈ لائنز یکم مئی کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق عید الفطر کی تعطیلات دس تا پندرہ مئی تک ہوں گی، عید پر لازمی سروسز کےعلاوہ کاروبار،مارکیٹس اور دکانیں بند رہیں گی، گروسری، میڈیکل اسٹور،اسپتال،ویکسی نیشن سینٹر، بیکریز، پیٹرول پمپس، چکن، سبزی، فروٹ شاپس کھلی رہیں گی جبکہ چاند رات کو مہندی بازار،جیولری، کپڑوں کے اسٹال بند رہیں گے۔
این سی او سی کے مطابق جمعتہ الوداع، نماز عید کیلئے گائیڈ لائنز یکم مئی کو جاری ہوں گی۔ عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر میں سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق عید کے موقع پر اسٹے ہوم، اسٹے سیف اسٹرٹیجی اپنانے پر زور دیا جائے گا اور متعلقہ وزارتوں کو عید تعطیلات پر جامع ہدایات جاری کردی گئیں ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کرونا کی لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے آکسیجن اور آکسیجن سلنڈر کی درآمد کی منظوری دی گئی، 6000 میٹرک ٹن آکسیجن اور 5 ہزار آکسیجن سلنڈر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اس کے علاوہ این سی او سی نے20بڑے سیروجینک ٹینکس درآمدکرنے کی منظوری دی۔اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کرونا صورت حال کے پیش نظر 80فیصد انٹر نیشنل فلائٹس کم کرنےکی تجویز دی تھی،اس حوالے سول ایوی ایشن اتھارٹی احکامات ملنے پر باضابطہ نوٹم جاری کرے گی۔دوسری جانب پاکستان کیلئے عالمی پروازوں کی تعداد میں اضافے کے معاملے پر سیکریٹری سول ایوی ایشن کی صدارت جمعہ کواسلام آباد میں اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، جس میں پی آئی اے،نجی ائیرلائن سمیت غیرملکی ایئرلائن کےکنٹری ہیڈ شرکت کریں گے اور سی اےاےکاشعبہ ائیرٹرانسپورٹ سیکرٹری ایوی ایشن کوبریفنگ دے گا۔اجلاس میں پی آئی اے،نجی ائیرکےتحفظات بھی دورکئےجائیں گے ، غیرملکی ائیرلائن نےپروازوں کی سی اےاےسےاجازت طلب کی ہے، سب سےزیادہ متحدہ عرب امارات کی ائیرلائن نےاجازت مانگی ہے جبکہ دیگر ممالک میں ترکی ، ہنگری اور برطانیہ شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں